’’وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان‘‘ پروگرام کا آغاز، ڈیڑھ لاکھ افراد تربیت لیں گے: عثمان بزدار

Dec 15, 2019

لاہور (نیوز رپورٹر) عثمان بزدار نے ایکسپو سنٹر میں ٹیوٹا کے زیر اہتمام پنجاب کے نوجوانوں کے لئے ’’وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ ’’پروگرام ‘‘ کے لئے ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے اور اس پروگرام سے ابتدائی طورپر ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو مارکیٹ ڈیمانڈ اور جدید تقاضوں کے مطابق 56 جدید کورسز کرائے جائیں گے۔ عثمان بزدار نے نمائش کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے سٹالز پر رکھی اشیائ، روبوٹس اور دیگر سامان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 4 سال میں بتدریج بڑھاتے ہوئے پونے 9 لاکھ مزید نوجوانوںکو’’وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام ‘‘کے دائرہ کار میں شامل کریں گے۔ روزگار کی فراہمی کے قومی ہدف کا تقریباً 60 فیصد پنجاب گروتھ سڑٹیجی 2023 کے تحت پورا کیا جائے گا۔ ’’وزیراعلیٰ ہنرمند نوجوان پروگرام‘‘ عمران کے نوجوانوں کے لیے ویژن کا عکاس اور عوام سے روزگار کے وعدے کی تکمیل کی طرف اہم قدم ہے۔ عمران کے اخلاص سے پی ٹی آئی حکومت روزگار کے وعدے پورے کریگی۔ اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے حکومت کی معاشی پالیسیوںکے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ہنرمند نوجوان کسی بھی ریاست کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ ریاست کی تعمیر و تشکیل میںنوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ٹیوٹا کی افادیت گزرتے وقت کیساتھ مزید بڑھتی جائے گی ۔ ہمیں تیز رفتاری سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے چیلنجز کا سامناکرناہوگا۔ ماضی میں ٹیوٹا کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے توجہ نہیں دی گئی۔ ٹیوٹا جدید ٹیکنالوجی اور وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ نئے ہنر نوجوانوں کو منتقل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ حکومت پنجاب ترقی کے اس مشن کے لیے درکار وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ عثمان بزدارنے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم اور متعلقہ محکموں کی شبانہ روز محنت سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کو کھول دیاگیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے آل پاکستان کیبل آپریٹر ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں