لندن (عارف پندھر‘نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم نوازشریف نے ہفتے کے روز گھر پر آرام کیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عدنان نے نوازشریف کا ایون فیلڈ میں ہی چیک اپ کیا۔ ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا لندن کے 6 مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے۔ نوازشریف کو ہیماٹولوجسٹ کی ٹیم نے ابھی تک کلیئر قرار نہیں دیا۔ انکے دل اور شریانوں کا مسلسل معائنہ کیا جا رہا ہے۔ پلیٹ لیٹس غیرمتوازی ہونے سے نوازشریف کا کوئی پروسیجر نہیں کیا جا سکتا۔ نوازشریف کو امریکہ لے جایا جائیگا۔ امریکہ میں نوازشریف کے دماغ کو خون فراہم کرنے والی کروٹڈ آرٹری میں ٹٰٰیسٹنگ کی جائے گی۔ پلیٹ لیس کم ہونے کی وجوہات معلوم نہیں کی جا سکیں۔ جو چیلنج بن گیا ہے۔ برطانوی ڈاکٹرز نوازشریف کی بیماری کی تشخیص ابھی تک نہیں کر سکے۔ نوازشریف برطانیہ میں کتنے دن رہیں گے۔کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ نوازشریف کی صحت پر مجھ سمیت برطانوی ڈاکٹرز ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔ انکے جسمانی نظام اور دفاعی نظام میں خرابی کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ دنیا کے بہترین ڈاکٹرز نواز شریف کا علاج کر رہے ہیں۔ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے میرے سمیت برطانوی ڈاکٹرز کوئی بھی ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔ نواز شریف کے جسمانی و دفاعی نظام میں خرابی کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔