اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ نون کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان بچانے کے لئے نالائق نااہل اور جھوٹے ٹولے سے نجات ضروری ہے،کابینہ کے ارکان کی بیرون ملک قومی اثاثوں پر بْری نظر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزراء میں دوڑ لگی ہوئی ہے کہ کون کس قومی اثاثے پر ہاتھ صاف کرے بجلی، گیس اور عوام کے استعمال کی عام چیزوں کی قیمتیں تاریخ میں مہنگی ترین ہوچکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہری پور میں سابق ممبر قومی اسمبلی سردار مشتاق کی ہزاروں ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر ایک عظیم الشان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری مرتضی جاوید، پیر صابر شاہ، سابق وفاقی وزیر سردار یوسف،میجر حبیب اللہ، ابق ایم این بابر نواز اور سابق ایم پی اے راجہ فیصل بھی موجود تھے ،انہوں نے کہا کہ انتقامی کارروائیوں کے باوجود عوام جوق در جوق پاکستان مسلم لیگ نون میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں اور قائد محمد نوازشریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں ہیں،عمران نیازی سیاست کا ڈبل شاہ ثابت ہوا، قوم کو خواب دکھا کر لوٹ لیاگیا،عمران نیازی کے اپنے بھانجے کی بات آئی تو طاقتور اور کمزور کے لئے قانون بدل گیا،ٹرین سے لے کر ہسپتال تک عمران نیازی کی حکومت قوم کے لئے ہلاکت خیز ثابت ہورہی ہے،نالائق ٹولے سے حکومت نہیں چل رہی، صرف زبان چل رہی ہے اور جھوٹ اگل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہنالائق ٹولے نے مجرمانہ نااہلی سے ملک کو خانہ جنگی کے دھانے پر پہنچادیا ہے،موجودہ نظام یوں ہی جاری رہا تو خدانخواستہ کوئی اور بڑا حادثہ بھی ہوسکتا ہے،روٹی، روزگار، کاروبار بند ہے، تعلیم، ہسپتال، دکان، فیکٹری، صنعت بند ہے۔ انہوں نے کہا کہہر شعبہ بند ہے کیونکہ عمران نیازی کا دماغ بند ہے،عمران خان کے نئے پاکستان میں ایک قانون بھانجے کے لئے ایک عام پاکستانیوں کے لئے ہے،نئے پاکستان میں علمیہ باجی کے الگ قانون ہے، دیگر کے لئے الگ ہے۔ امیر مقام نے کہا کہعمران نیازی کو استعفے مانگنے کا بہت شوق تھا، اب نالائق وزرائ اعلی اور وزراء سے استعفیٰ کیوں نہیں مانگتا؟پاکستان ہر روز بحرانوں کی دلدل میں دھنس رہا ہے،محب وطن لوگوں کو سوچنا ہوگا کہ صورتحال ٹھیک نہ ہوئی تو خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں،موجودہ نالائق ٹولہ اپنی نالائقیوں کو چھپانے کے لئے مذہب کارڈ استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے، نالائق، نااہل اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے،جلد کچھ نہ کیاگیا تو خدانخواستہ ناقابل تلافی نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔
پاکستان بچانے کیلئے نالائق ٹولے سے نجات ضروری ہے، امیر مقام
Dec 15, 2019