لاہور( نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے منتخب ہونے کے بعد سب سے پہلے ملک میں بین الاقوامی اور ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ کوشش تھی کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا بھی یہاں آ کر کھیلتے لیکن انہیں کچھ تحفظات تھے لیکن مستقبل کے حوالے سے ہم پرامید ہیں۔ بنگلہ دیش کو بھی پاکستان لانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ سری لنکا کی حکومت، ان کے کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے مشکور ہیں کہ وہ پاکستان آ کر کھیل رہے ہیں۔اس سلسلہ میں جن افراد نے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے ذاتی طور پر ان کا مشکور ہوں۔ ہم نے اس سلسلے کو برقرار رکھنا ہے۔ پاکستان کو جن مسائل کا سامنا رہا ہے ایسے واقعات پوری دنیا میں ہو رہے ہیں نیوزی لینڈ میں ہونے والا دہشت گردی کا واقعہ سب کے سامنے ہیں۔ ایک پرامن، محفوظ ملک میں ایسے واقعات یہ ثابت کرتے ہیں کہ یہ ساری دنیا کا مسئلہ ہے۔ ہم لوگوں کو قائل کر رہے ہیں کہ سکیورٹی کے حوالے سے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔ سری لنکن ٹیم ٹی ٹونٹی میچز بھی کھیلے کر گئی اور اب ٹیسٹ میچز کا انعقاد یہ ثابت کرتا ہے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کیلئے حالات سازگار ہیں۔