پاکستان کی مسلح افواج ہر وقت اپنے ملک کی حفاظت کے لیے تیار ہے۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی

Dec 15, 2019 | 21:05

ویب ڈیسک

کیڈٹ کالج پٹارو کے58ویں یوم والدین کے موقع پر تقریب منعقد کی گئی جس میں بطور مہمان خصوصی چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شرکت کی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کیڈٹ کالج پٹارو میں یوم والدین کی تقریب سے خطاب میں مہمان خصوصی چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر وقت اپنے ملک کی حفاظت کے لیے تیار ہے، تعلیم کے میدان میں آگے بڑھے بغیر ترقی کرنا ناممکن ہے۔چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا، علامہ اقبال اور قائد اعظم نے مسلمانوں پر تعلیم حاصل کرنے کا زور دیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کیڈٹس کی کردار سازی اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کالج کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہترین طرز زندگی کا حصول بنیادی اسلامی تعلیمات کی پابندی میں مضمر ہے۔تقریب میں گْھڑ سواری اورمارشل آرٹس کے مظاہروں کے علاوہ کیڈٹس کی تخلیقی کاوشوں پر مبنی ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا. اس موقع پر کیڈٹس نے پریڈ، پی ٹی، کراٹے اور جسمانی صلاحیتوں کے مظاہرے کیے جبکہ تعلیم کے ساتھ دیگر شعبوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

مزیدخبریں