سیاست کی آڑ میں صوبائیت کو ہوا دینا کسی صورت قابل قبول نہیں:عبدالعلیم خان

Dec 15, 2020

لاہور(نیوزرپورٹر)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سیاست کی آڑ میں صوبائیت کو ہوا دینا کسی صورت قابل قبول نہیں، محمود اچکزئی کا لاہور اور پنجاب دشمنی پر مبنی بیانیہ قابل مذمت ہے جس کا خود پی ڈی ایم کی قیادت کو بھی نوٹس لینا چاہیے۔عبدالعلیم خان نے مینار پاکستان کے جلسے میں محمود اچکزئی کے خطاب پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زندہ دلان لاہور کیخلاف ایسی الزام تراشی کسی بھی مثبت سیاسی سو چ کا حصہ نہیں ہو سکتی،اچکزئی تاریخ مسخ نہ کریں انہیں اس مہم جوئی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور نہ ہی پاکستان کے با شعور عوام اْن کے اس موقف پر کان دھریں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ صرف عمران خان کی مخالفت میں اس حد تک جانا نا قابل فہم ہے،محمود اچکزئی اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کیلئے تمام حدیں پار کر رہے ہیں لیکن انہیں اس میں کامیابی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ساری قوم سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہے اور وہ انتشار کی کوششوں کو نا کام بنائے گی۔ اپوزیشن کو ایشوز کی سیاست کرنی چاہیے اور ایسی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی نہیں ہونی چاہیے۔محمود اچکزئی کے خطاب سے لاہور اور پنجاب ہی نہیں ہر پاکستانی کا دل دکھا ہے انہیں ساری قوم سے پر معذرت کرنی چاہیے۔

مزیدخبریں