چنیوٹ، چناب نگر، ساہیوال، گجرات، پنڈی بھٹیاں، جکھڑ، کمالیہ (نمائندگان) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز دھند کا راج رہا، یخ بستہ ہوائیں بھی چلتی رہیں۔ کئی شہروں میں معمولات زندگی متاثر رہے۔ گیس کی بندش سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا رہا۔ دھند کے باعث ٹرینیں بھی گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔ جبکہ چناب نگر میں ٹریفک حادثات کے دوران متعدد افراد معمولی زخمی ہو گئے۔چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے مزید بارشوں کی پیشین گوئی کر دی، سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی گیس کی بندش۔ نواحی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند مزید بڑھ گئی۔ متعدد علاقوں میں سوئی گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔ چناب نگر سے نمائندہ خصوصی کے مطابق چناب نگر و گردونواح میں دھند کا راج رہا حد نگاہ کم ہوگئی، کئی علاقوں میں حادثات کے دوران متعدد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق الصبح گردونواح میں شدید دھند پڑنا شروع ہوگئی دھند کے ساتھ ہی سرد ہوا بھی چلتی رہی۔ جس سے انسانی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ دھند کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں موٹر سائیکل اور گاڑیاں ٹکرانے کی اطلاعات ہیں جن میں شہری معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق پنجاب اور سندھ میں شدید دھند کی وجہ سے ٹرینوں کا شیڈول متاثر رہا۔ ٹرینیں چھ سے آٹھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔ لیٹ ہونے والی ٹرینوں میں عوام ایکسپریس جعفر ایکسپریس علامہ اقبال ایکسپریس بزنس ایکسپریس کراچی ایکسپریس تیزگام ایکسپریس گرین لائن ایکسپریس اور خیبر میل ایکسپریس شامل ہیں۔ یہ تمام ٹرینیں کراچی سے ساہیوال تاخیر سے پہنچیں۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق گجرات شہر میں د ھند سے حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی، سردی کی شدت میں اضافہ پارہ 6سینٹی گریڈ تک گرگیا۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردو نواح میں شدید دھند رہی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ گیس کے سلنڈر اور لکڑیاں فروخت کرنے والوں نے قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ جکھڑ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں دھند کا راج برقرار ہے۔ ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ اپنی لپیٹ میں لئے رکھا حد نگاہ 200 میٹر تک رہ گئی۔ کمالیہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کمالیہ شہر اور گردو نواح میں دھند، سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ ایم تھری موٹر وے ٹریفک کیلئے بند رہا۔