استعفوں کے معاملہ پر اپوزیشن میں واضح تقسیم، سپیکر کوپیش کرینگے تو دیکھ لینگے: گورنر سرور 

Dec 15, 2020

لاہور(نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ استعفوں کے معاملے پر اپوزیشن میں اتحاد نہیں واضح تقسیم ہے۔ جب یہ سپیکر کو استعفے دیں گے تو پھر دیکھ لیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تمام حکومتی ادارے ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے متحد ہیں۔ ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے کی سازشیں کرنیوالوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہوئے غیر ملکی سر مایہ کار پاکستان آرہے ہیں انکو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ وہ سوموار کے روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور میں برطانوی ائیر لائن ورجن اٹلانٹک کے لندن لاہور فضائی آپریشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب اورگورنر ہاؤس لاہور میں تحریک انصاف کے مختلف اضلاع سے آنیوالے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔گورنر پنجاب  نے پارٹی وفود سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ اپوزیشن خود کو سیاسی طور پر زندہ رکھنے کیلئے استعفوں اور لانگ مارچ کی باتیں کر رہی ہے۔ اگر یہ استعفے دینا چاہتے ہیں تو وہ صرف قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں سپیکر کو جمع کروائے۔ مگر ابھی تک کسی ایک بھی اپوزیشن رکن نے سپیکر کو استعفیٰ نہیں دیا۔ اْنہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت مکمل طور پر مستحکم ہے اور اتحادیوں سمیت تمام لوگ متحد ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ اپوزیشن جتنے مر ضی جلسے کر لے حکومت قائم ہے اور 2023ء تک قائم رہیگی۔ اْنہوں نے کہا کہ عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک وقوم کی خدمت کا مشن جاری رکھے گی۔

مزیدخبریں