فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید علوم وٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لئے ہائر ایجوکیشن پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔ اس سلسلے میں یونیورسٹیز میں علم وتحقیق کا معیار مزید بلند کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات یونیورسٹی آف فیصل آباد سرگودھا روڈ کے ساتویں اور یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، پیٹرن ان چیف دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میاں محمد حنیف، چیئرمین بورڈ آف گورنرز حیدر امین، ممبر بورڈ آف گورنرز، میاں محمد رشید، ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شوکت پرویز، پروریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید، پرنسپل یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر عامر علی چوہدری، پرنسپل ڈینٹل سیکشن پروفیسر ڈاکٹر فرخ عمران، اساتذہ، والدین اور طلباء وطالبات بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ساتویں اور یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے 6ویں کانووکیشن کے دوران مجموعی طور پر 1743طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جن میں 44 گولڈ میڈلز، 61سلور میڈلز اور 39سٹوڈنٹس کو برونز میڈلز سے نوازا گیا۔