وزیرآباد (نامہ نگار) ٹریکٹر ٹرالی نے تین موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کو کچل ڈالا۔ دو موقع پر جاں بحق ایک شدید زخمی ہو گیا، ریسکیو 1122ٹیم نے نعشیں اور زخمی کو ہسپتال پہنچا دیا ندیم ، علی، ندیم ولد بشیر موٹر سائیکل پر وزیرآباد سے ساروکی جا رہے تھے۔کہ احمد نگر روڈ ڈھونیکی کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکر مار دی جسکے نتیجہ میں دو دوست ندیم ولد محمد اکرم، علی ولد ساجد سڑک پر گر گئے اور ٹریکٹر ٹرالی انکے سروں سے گزرنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ندیم ولد بشیر شدید زخمی ہوگیا۔ مرنے والے دونوں نوجوانوں کے چہرے مسخ ہوگئے۔ ریسکیو 1122نے نعشوں اور زخمی کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچا دیا۔ زخمی ندیم ولد بشیر کو تشویشناک حالت کے پیش نظر گوجرانوالہ ہسپتال میں ریفر کردیا گیا۔ ڈرائیور ٹریکٹر ٹرالی چھوڑ کر جائے حادثہ سے فرار ہوگیا۔ تھانہ صدر پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی کو قبضہ میں لے لیکرتفتیش شروع کر دی۔