لاہور( سپورٹس رپورٹر)قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون، آٹھویں راؤنڈ کے پہلے دن کا کھیل مکمل ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق یوبی ایل سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانیوالے میچ میں خیبر پختونخواہ نے سدرن پنجاب کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز بنا لئے ۔ پہلے روز کھیل کی خاص بات کامران غلام کی سنچری ہے وہ 145 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں انہوں نے 249 گیندوں کا سامنا کیاہے جبکہ ان کی اننگز میں 19 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے کامران غلام کے ساتھ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین عادل امین ہیں جنہوں نے 76 رنز بنا رکھے ہیں اسرار اللہ 49‘ فخر زمان 15 اور مصدق احمد صفر پر آؤٹ ہوئے سدرن پنجاب کی جانب سے عامر یامین ، سلمان علی آغا اور زاہد محمود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سٹیٹ بنک سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے میچ میں سنٹرل پنجاب نے بلوچستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور علی زریاب کی سیزن میں پہلی سنچری کی بدولت پہلے روز کھیل کے اختتام پر 90 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنا لیے ہیں علی زریاب نے117رنز بنائے ان کی اننگز میں 18 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا محمد اخلاق 19‘ عثمان صلاح الدین 73 ‘ محمد سعد 45‘ سعد نسیم 4 اور قاسم اکرم 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ علی شان 28 اور بلاول اقبال ایک رن کے ساتھ دوسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے بلوچستان کی جانب سے جلات خان نے92 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں رضا الحسن نے دو اور گوہر فیض نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ناردرن نے سندھ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 68.2 اوورز کے کھیل میں 203 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی پہلے روز کھیل کے اختتام پر سندھ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 40 رنز بنا لیے ہیں۔