اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)طبِ اہلبیتؑ اور علاج بالغزا کے ماہر سید مصطفی کاظمی نے کہا کہ ہے نزلہ، زکام اور کھانسی میں اضافہ سردی کی شدت کے باعث ہے۔ معمول کی بیماریوں کو کورونا سمجھ لینا درست نہیں۔ محکمہ صحت کے طے کردہ ایس او پیزپر عمل کرتے ہوئے اپنی اور اہل خانہ کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بیشتر بیماریوں کا علاج ہمارے پاس اپنے گھروں میں موجود ہوتا ہے تاہم اس پر توجہ نہیں دی جاتی۔ بچوں اور بزرگوں میں قوتِ مدافعت قدرے کم ہوتی ہے سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ان کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے ۔کھانسی ،نزلہ اور زکام وہ امراض ہیں جن کافوری علاج کرنا طبی اصولوں کے خلاف ہیں۔ آئمہ اطہار علیہ السلام کے فرمودات کے مطابق ابتدائی کھانسی انسان کو فالج سے محفوظ رکھتی ہے۔اسی طرح نزلہ زکام جزام اوردماغی امراض سے بچائو کا سبب بنتے ہیں۔تاہم مرض جب طوالت اختیار کرنے لگا تو اس کا علاج واجب ہے۔طب اہلبیت اور غزا کے ذریعے ہر بیماری کا موثر علاج کیا جا سکتا ہے۔چنے کے برابر کلونجی اور چنے کا سفوف ملا کر سونگنے سے بند ناک اور زکام سے نجات مل سکتی ہے ۔اسی طرح انجیر بھی نزلہ زکام کے لیے نفع بخش ثابت ہوتی ہے۔بلغم کے خاتمے کے لیے خالص شہد کا استعمال مفید ہے۔کھانسی کی شدت کو کم کرنے کے لیے شکر ،کشمش اور شہد کا استعمال صدیوں سے رائج ہے اور اس کی افادیت سے قطعی انکار نہیں۔کالی مرچ اور شہد کا مرکب بھی کھانسی کے مرض کوختم کرتا ہے۔