ایل او سی پر جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزیاں : سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی ، شدید احتجاج

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی مسلسل اشتعال انگیزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ میں طلبی کی ہے۔ ترجمان خارجہ کے مطابق پاکستان نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارت سے احتجاج کیا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو شہری زخمی ہوئے۔ بھارتی فوج مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارت رواں سال 2970 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔ رواں سال بھارتی فائرنگ سے 27 افراد شہید اور 249 زخمی ہوئے ہیں۔ بھارت کا معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ مسلسل اشتعال انگیزیاں خطے کیلئے خطرہ ہیں۔ بھارت کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے اور 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔ کیونکہ بھارت کا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور منافی ہے۔ اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے دیا جائے۔ بھارتی ہائی کشمن کے سینئر اہلکار سے بھارتی فائرنگ اور گولہ باری پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ سفارتکار کو بتایا گیا کہ بھارتی افواج تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحے سے نشانہ بنا رہی ہیں۔ بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن