اسلام آباد سٹاک ایکسچینج ، پشاور میں دہشتگردی کے منصوبے ناکام، 5گرفتار، بارودی مواد، اسلحہ برآمد

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی+ بیورو رپورٹ) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے تین مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلام آباد سٹاک ایکسچینج پر حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کے کاؤنٹر ٹیررزم پشاور ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے ان دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ دہشت گردوں کوخفیہ اطلاع پر اڈیالہ روڈ سے گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور انہیں افغانستان سے فنڈز اور رہنمائی مل رہی تھی۔ سی ٹی ڈی ترجمان نے مزید کہا کہ گرفتار دہشت گردوں نے راولپنڈی میں دہشت گردی کے چار واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے اس کے علاوہ دہشت گردوں نے اسلام آباد سٹاک ایکسچینج پر حملے کی بھی منصوبہ بنارکھی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں دستی بم حملہ بھی ہوا تھا جس میں 25 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعہ کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہواکہ گرفتاردہشتگردوں نے راولپنڈی میں رواں سال 4بم دھماکے کئے تھے، جن میں چار قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور 30سے زائد شہری زخمی ہوئے تھے۔  دہشتگردوں کے قبضے سے موبائل فونز، اسلام آبادسٹاک ایکسچینج کی عمارت کے نقشے بھی  برآمد ہوئے۔ دریں اثناء محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) پشاور نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دو مبینہ دہشتگردوں اور دستی بموں اور اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ جن کے خلاف مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان  کے مطابق گزشتہ روز تخریب کاری کی غرض سے پشاور میں دہشت گردوں کے داخلے کی اطلاع پر ضلع خیبر اور پشاور کی باؤنڈری پر سربند میں کارروائی کی گئی جس کے دوران گل مارکیٹ کے قریب سے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے دو دستی بم اور پستولیں برآمد کر لیں۔ بیان کے مطابق ملزموں میںآصف ولد ثواب ساکن نہر غاڑہ قمبر خیل ضلع خیبر اور وقاص ولد باچہ ساکن ضلع مہمند  حال ناگمان شامل ہیں جو تخریب کاری کی غرض سے پشاور میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ بیان کے مطابق ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن