پی ڈی ایم بے نقاب، لاہور شو فلاپ: عمران

 اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم  ہوا ہے  پیر کے روز پاکستان تحریک انصاف  کے  سینئر رہنمائوں کا اہم اجلاس وزیراعظم عمران خان  کی زیر صدارت منعقد ہوا جس کا یک نکاتی ایجنڈا مینار پاکستان کے سائے تلے پاکستان ڈیمو کریٹک  موومنٹ  کا  جلسہ تھا۔ اجلاس کے شرکاء نے جلسہ  کے شرکاء اور  اس کے تاثر کے بارے میں اپنی آرا کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے اجلاس کے شرکاء کی آراء سننے کے بعد  کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل 11جماعتوں کا  لاہور  پاور  شو فلاپ رہا۔ پی ڈی ایم  لاہور میں بے نقاب ہو گئی ہے۔ لاہوریوں نے پی ڈی ایم کو مسترد کر دیا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنمائوں کا اہم اجلاس ہوا جس  میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر تعلیم شفقت محمود، وفاقی وزیر اطلات شبلی فراز، معاون خصوصی شہباز گل سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتوں کی قوت کا بھی پتہ چل گیا۔ ہے پی ڈی ایم  پاکستان تحریک انصاف  کے مقابلے میں جلسہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ عوام  نے  تصادم کا بیانیہ  مسترد کر دیا ہے۔ حکومتی رہنمائوں نے کہا کہ استعفوں اور لانگ مارچ  بارے  پی ڈی ایم کنفیوژن کا شکار ہے، پارٹی کے رہنمائوں نے  جلسہ کی  اجازت دینے کا حکومتی فیصلہ درست  قرار دیا۔ جلسوں کی  ناکامی  سے  پی ڈی ایم کا  بیانیہ دم توڑ رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور کے جلسہ میں  پی ڈی ایم  کی سٹریٹ پاور عوام کے سامنے  آگئی   ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے سنگدلی کا مظاہرہ کیا اور لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالیں۔ مستقبل میں پی ڈی ایم کے بلیک میل کرنے کے اور بھی منصوبے آسکتے ہیں لیکن ان  کے لئے پیغام واضح ہے کہ حکومت کی طرف سے کبھی کوئی این آر او نہیں آئے گا۔
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے پیر کو نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے وزیرِاعظم کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء پرویز خٹک، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، سید علی حیدر زیدی، معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور  پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔ وزیراعظم کو علاقائی میری ٹائم سکیورٹی کی صورتحال، چیلنجز اور میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کیلئے پاک بحریہ کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم نے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع، گوادر بندرگاہ سمیت سی پیک کو سکیورٹی کی فراہمی اور علاقائی امن کیلئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت پاک بحریہ کو ہر طرح کا تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ حکومت معاشی ترقی میں میری ٹائم سیکٹر کی افادیت کے پیش نظر اس کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ حکومت کی جانب سے 2020 کو بلیو اکانومی کا سال قرار دیا جانا بحری معیشت کی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات کا مظہر ہے۔ امیرالبحر نے یقین دلایا کہ پاک بحریہ اللہ سبحان وتعالیٰ کی مدد  سے ملک و قوم کی خدمت اور ہر طرح کے حالات خواہ امن ہو یا جنگ ملکی سمندری سرحدوں اور ملکئی  مفاد کے تحفظ کی اہم ذمہ داری سر انجام دینے کے لئے  ہمہ وقت تیار ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے پیر کو وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی۔ ان کی وزیراعظم سے ایک گھنٹہ تک ’’ون آن ون‘‘ ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پی ڈی ایم کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مولانا طارق جمیل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ میں مولانا طارق جمیل کی کرونا وائرس سے جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بنک ناجے بیخا سائین کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیراعظم کو احساس پروگرام میں ورلڈ بنک کی معاونت پہلے سے دوگنی کرنے کے بارے آگاہ کیا گیا جو اس پروگرام کو مزید بڑھا کر زیادہ سے زیادہ مستحق لوگوں کا سماجی تحفظ یقینی بنائے گا۔ مزید براں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت خصوصی اقتصادی زونز کی منظوری بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار‘ وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان‘ وفاقی وزرائ‘ مشیروں‘ سندھ‘ بلوچستان کے چیف سیکرٹریز‘ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ‘ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان‘ ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کو ملک میں 19 خصوصی اقتصادی زونز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بورڈ نے خصوصی اقتصادی زونز کے لئے لیز آف پلاٹس ریگولیشنز 2020 کی منظوری دیدی۔ اعلامیہ کے مطابق اکنامک زون بلوچستان میں صدیق سنزٹن پلانٹ‘ سندھ اکنامک زون میں سروس لانگ مارچ ٹائرز‘ آن لائن خصوصی اقتصادی زونز، مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے اجراء کی منظوری دیدی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آن لائن سسٹم سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو کا کام کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صنعتی ترقی معیشت کی بہتری کیلئے لازمی ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے پرعزم ہے۔ سپیشل اکنامک زونز سے مقامی افراد کیلئے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ وزیراعظم نے سپیشل اکنامک زونز کو بجلی‘ گیس کنکشنز کی جلد فراہمی کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی معاملات‘ پی ڈی ایم کی تحریک سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو لاہور جلسے سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ وزیراعظم نے عثمان بزدار کو اہم ہدف سونپ دیا۔ وزیراعظم سے وزیراعلیٰ محمود خان نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو صوبائی امور، سیاحت اور سکیورٹی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا اور اکنامک زونز‘ فاٹا کے ضم علاقوں کے بارے میں اپ ڈیٹ بھی دی۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...