کراچی (اسپورٹس رپورٹر )سابق کپتان وکٹ کیپر راشد لطیف کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی انجری نوجوان کرکٹرز حیدر علی اور عبداللہ شفیق کیلئے سود مند بھی ثابت ہو سکتی ہے ۔ اتوار کی صبح پریکٹس سیشن کے دوران دائیں انگوٹھے میں فریکچر ہونے کے بعد اعظم نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سے باہر ہوگئے تھے۔ لاہور میں پیدا ہونے والا قومی ٹیم کے کپتان کم سے کم 12دن نیٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے جسکا مطلب یہ ہے کہ وہ 18، 20اور 22دسمبر کو آکلینڈ ، ہیملٹن اور نیپئر میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوٹنی میچز کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ایک انٹرویو میں راشد لطیف کا کہنا تھا کہ بابراعظم کا زخمی ہونا پاکستانی ٹیم کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے ،امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائے گا لیکن یہ کئی کھلاڑیوں کیلئے ایک نعمت ثابت ہوسکتی ہے، جب بھی کوئی بڑا کھلاڑی زخمی ہوجاتا ہے تو اس سے نئے کھلاڑی سامنے آتے ہیں۔اگر عبد اللہ شفیق اور حیدر علی کو بابراعظم کی غیر موجودگی میں اننگز کا آغاز کرنیکا موقع ملتا ہے تو پھر وہ اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور پاکستان کو ایک نیا سٹار مل سکتا ہے۔راشد لطیف کا مزید کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ ٹیم مینجمنٹ محمد رضوان یا سرفراز احمد کو اوپننگ پر مجبور نہیں کرے گی، نیوزی لینڈ کے خلاف نوجوان کھلاڑیوں کو اوپننگ کرنی چاہیئے۔