والد کی مشیر رہنے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ سیاست میں حصہ لیں گی۔ایوانکا ٹرمپ کو اس وقت وائٹ ہاﺅس میں اعلی مشیر کی حیثیت حاصل ہے لیکن ان کے والد چونکہ چند ہفتوں بعد صدارت چھوڑ دیں گے تو ان کی بیٹی کے مستقبل کے متعلق مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ٹرمپ کی بیٹی پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے ٹیکس سے مستثنی غیرمنافع بخش تنظیم کے فنڈز کا استعمال ٹرمپ کے رئیل اسٹیٹ کے کاروبار اور دیگر کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے کیا۔انہوں نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔امریکی نیوز چینل سی این این نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا کہ وہ ایوانکا سیاست میں آنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔رپورٹ کے مطابق 2020 کے انتخابات میں شکست کے بعد امریکی صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا نے نظریں سینٹ پر جما لی ہیں۔ایوانکا ٹرمپ 2022 میں فلوریڈا سے امریکی سینیٹ کے لئے انتخاب لڑیں گی۔ جہاں ان کا مقابلہ مارکو روبیو سے ہونے کی توقع ہے۔مارکو روبیو ماضی میں ٹرمپ کے سخت ناقد رہے ہیں لیکن2016 میں جیت کے بعد وہ امریکی صدر کے وفادار ساتھی بن گئے تھے۔ ایوانکا ٹرمپ اپنے والد کی مقبولیت سے فائدہ اٹھا کر سینیٹ میں سیٹ جیت سکتی ہیں۔