پاکستان نے ویسٹ انڈیز کودوسرا میچ ہرا کر  ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی ‘زیادہ میچ کھیلنے ‘جیتنے کا  عالمی ریکارڈ‘وزیر اعلیٰ عثمان بزدا ر کی مبارکباد

لاہو+کراچی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میںویسٹ انڈیز کو 9 رنز سے ہرا کر سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان ٹیم اس مرتبہ 200 کے ہندسے تک نہیں پہنچ سکی اور 172 رنز ہی بناسکی۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پھر ناکام رہے اور 7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان، افتخار احمد اور حیدر علی کے بالترتیب 38، 32 اور 31 رنز نے ٹیم کو مشکلات میں سہارا دیا۔ شاداب خان نے 12 گیندوں پر 28 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کو 172 کے مجموعے تک پہنچادیا۔ عقیل حسین نے 4 اوورز میں 16 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی ۔ اوڈین سمتھ نے دو کھلاجبکہ اوشین تھامس، روماریو شیفرڈ اور ہیڈن واش نے ایک ایک وکٹ لی۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز ٹیم 163 پرآؤٹ ہوگئی۔ برینڈن کنگ نے 43 گیندوں پر 67 رنز بنائے جبکہ ان کا ساتھ 26 رنز کیساتھ کپتان نکولس پوران نے دیا۔ روماریو شیفرڈ نے 19 گیندوں پر 35 رنز کیساتھ مزاحمت کی لیکن وہ میچ جتوانے میں ناکام رے۔ شاہین آفریدی 3 وکٹیں لیکر نمایاں رہے‘ محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور حارث رؤف نے دو دو وکٹیں لیں۔شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز کا تیسرامیچ کل شام چھ بجے کھیلا جائیگا۔پاکستان ٹیم ایک سال میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والی اور جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے۔قومی ٹیم نے گزشتہ روز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں سال کا 28واں ٹی20 انٹرنیشنل میچ کھیلا جو عالمی ریکارڈ ہے ۔ بنگلہ دیش نے بھی اس سال 27 ٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں۔ پاکستان ٹیم کا اس سال 18 ٹی ٹونٹی میچز جیتنا بھی ایک ریکارڈ ہے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بائولنگ اور بیٹنگ کا شاندار مظاہرہ کرکے فتح سمیٹی ۔ امید ہے پاکستان ٹیم تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرکے کلین سویپ کرے گی ۔ 

ای پیپر دی نیشن