اسلام آباد(وقائع نگار)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت نے سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادر وغیرہ کے خلاف جعلی اکاؤنٹس میں غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس میں وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کے صاحبزادے حسنین مرزا سمیت تمام ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر لیا ہے۔گذشتہ روز سماعت کے دوران نیب کی طرف سے ریفرنس کیشریک ملزم راشد عقیل کی موت کی تصدیقی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی،عدالت نے وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کے صاحبزادے حسنین مرزا، سابق ایڈمنسٹریٹر کے ایم اسی رؤف اختر فاروقی اور ممتاز حیدر سمیت تمام ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے 12 جنوری کو طلب کر لیا۔ ملزمان پر مبینہ طور پر پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے لیے ایک ارب روپے وصول کا الزام ہے اور مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے منظور قادر کو اشتہاری قرار دے رکھاہے۔احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت محمد حسین سید وغیرہ کے خلاف جعلی اکاؤنٹس میں غیر قانونی طور پر یونس قدوائی کو پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں نیب نے شریک ملزم سمیع الدین صدیقی کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست پر جواب کیلئے مہلت مانگ لی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر وسیم جاوید اور وکلائ صفائی عدالت پیش ہوئے، عدالت نے حاضر ملزمان سیدخالد ظفر ہاشمی، سید جمیل احمد، عبدالرشید اور عبدالغنی مجید کی حاضری لگائی جبکہ دیگر ملزمان کی جانب سے استثنی کی درخواستیں دی گئیں، دوران سماعت نیب نے ریفرنس کے شریک ملزم سمیع الدین صدیقی کی ایک مرتبہ کیلئے نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر جواب کیلئے مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے سماعت 12جنوری تک کیلئے ملتوی کر دی۔
فرد جرم