علی پورچٹھہ(نامہ نگار ) حکومت قیمتوں کوکنٹرول کرکے فصل کیلئے کھادوں کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ گندم کی فصل میں اضافہ ہو سکے اگر یہی حال رہا تو کسانوں کو سخت نقصان برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ گندم کے بحران کا بھی سامنا کرنا پڑے گا یہ بات کاشتکار راہنما رانا منصور احمد خان نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی انھوں نے کہا بجلی اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے کسان پہلے ہی پریشان ہیں اور اب کھادوں اور ادویات کی قیمتوں کو پر لگ گئے اور یہ سب کام مافیا کر رہا ہے جس کے سامنے حکومت اور ریاستی مشینری بے بس ہیں۔ انہوں نے مزید کہا حکومت دس روپے کا ریلیف دیتی ہے اور فوری سو روپے بڑھا دیتی ہے اس وقت تیل اور بجلی کی بے تحاشا بڑھتی ہوئی قیمتیں کسانوں کیلئے شدید مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔