ملتان( خبر نگار خصوصی)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس، مکئی اور کماد کے بعد کاشتہ گندم کو پہلا پانی بوائی کے 20 تا 25 دن بعد جبکہ دھان کے بعد کاشتہ گندم کو پہلا پانی 35 تا45 دن بعد لگایا جائے۔ گندم کو بقایا نائٹروجن پہلے اور دوسرے پانی کیساتھ برابر اقساط میں استعمال کریں جبکہ ریتلی زمینوں میں پہلا پانی لگانے کے بعد نائٹروجنی کھاد کا استعمال تر وتر میں کریں۔ پہلی آبپاشی کے بعد کھیت وتر حالت میں آنے پر دوہری بار ہیرو چلائیں خواہ فصل چھٹہ کے ذریعے ہی کیوں نہ کاشت کی گئی ہو۔ اس سے جڑی بوٹیوں کے انسداد میں مدد ملتی ہے۔ یاد رہے،گندم کی فصل میں جڑی بوٹیوں کا اْگا ؤ بہت جلد ہوتا ہے اور ان کی نشوونما بھی تیز ہوتی ہے جس سے پیداوار میں 42 فیصد تک کمی واقع ہو سکتی ہے اس لئے جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے مربوط طریقہ انسداد اختیار کریں۔جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے کیمیائی زہروں کا استعمال محکمہ زراعت پنجاب کی سفارشات کے مطابق کریں۔