قادیانیوں کیخلاف آئین کے مطابق اقدامات کر رہے ہیں : نورالحق قادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیربرائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنمامحمدشاداب رضانقشبندی کی قیادت میں وفد کی ملاقات،اہم مذہبی وسیاسی امور پرتبادلہ خیالات کرتے ہوئے پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں آزاد اور ان کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔اسلامی جمہوریہ پاکستان میں قادیانیوں کیخلاف آئین پاکستان کے مطابق تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں۔بین المذاہب اوربین المسالک ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے۔سیالکوٹ کا واقعہ قابل مذمت ہے،آئندہ روک تھام کیلئے مذہبی طبقہ کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔گزشتہ سات دہائیوں کے پیدا کردہ مسائل کو محض چند سالوں میں مکمل طورپر درست کرنا محال ہوگا۔حکومت ریاست مدینہ کے تصور کو حقیقی جامہ پہنانے کی طرف گامزن ہے۔سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ حکومت علماء و مشائخ سے اہم دینی ملکی اور بین اقوامی سطح پراٹھنے والے مسائل پر مشاورت کا عمل تیز اور دائرہ کار میں وسعت لائے۔ملک کو در پیش مسائل کا واحد حل نظام مصطفی کے عملی نفاذ میں پنہاں ہے۔ملاقات میں پاکستان سنی تحریک مرکزی سیاسی کمیٹی کے رْکن علامہ طاہراقبال چشتی، آصف محمودعطاری ودیگربھی شریک تھے۔

ای پیپر دی نیشن