مچھلی کاغیر قانونی شکار کیخلاف محکمہ فشریزکی کارروائیاں

لاہور(وقائع نگار)غیر قانونی شکار مچھلی کے خلاف محکمہ فشریز پنجاب کی کارروائیاں، متعدد افراد کے چالان اور جرمانے کیے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب ڈاکٹر سکندر حیات اور ڈائریکٹر فشریز ایکوا کلچر پنجاب ڈاکٹر محمد عابد کی ہدایات کی روشنی میں غیرقانونی شکار مچھلی میں ملوث افراد کے خلاف صوبہ بھر میں ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر چھاپہ مار ٹیموں نے کارروائی کی اور متعدد افراد کے موقع پر چالان اور جرمانے کیے۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ریڈ پارٹی، ڈسٹرکٹ اوکاڑہ نے اسلام پورہ ، گوجرہ اور ہیڈ سلیمانکی کے مختلف مقامات پر کاروائی کی اور جال قبضہ میں لے کر موقع پر چالان کئے۔اس کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز ڈویژن لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز، ڈسٹرکٹ سیالکوٹ، ننکانہ صاحب، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی نگرانی میں ٹیمز نے صوبہ بھر کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور غیر قانونی شکار مچھلی کی روک تھام کے حوالہ سے ضروری کارروائی کی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز، ڈسٹرکٹ قصور نے غیرقانونی شکار مچھلی میں ملوث افراد کے خلاف آپریشن کیا۔ جال اور پٹیاں قبضے میں لے کر ضرور ی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ای پیپر دی نیشن