بری امام، جابہ تیلی اور جی سیون ٹومیں غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کیلئے آپریشن

Dec 15, 2021

اسلام آباد (وقائع نگار) سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ انفورسمنٹ نے بری امام، جابہ تیلی اور سیکٹر G-7/2 میں غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے گرینڈ آپریشن کئے،نور پور شاہاں میںغیر قانونی قابضین کو سرکاری اراضی خالی کرنے کے لئے قبل ازیں نوٹسز جاری کئے گئے تھے تاہم غیر قانونی قابضین نے نوٹس پر عملدرآمد نہ کیا جسکے بعد ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے بھر پور آپریشن کیا گیا اور اس آپریشن کے دوران 17 غیر قانونی کمرے بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کرتے ہوئے 4 کنال سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی۔علاوہ ازیں محلہ چھجار بری امام میں بھی کارروائی کرتے ہوئے 3 غیر قانونی کمرے، 1 واش روم، 1 کچن اور 2 چار دیواریاں گرائی گئی، سیکٹر G-7/2 میں سی ڈی اے سہولت مرکز کے عقب میں گزشتہ دنوں گرائے گئے غیر قانونی تعمیرات کی چیکنگ کے دوران دیکھا گیا کہ کچھ لوگ دوبارہ سرکاری اراضی پر تعمیرات جاری رکھے ہوئے تھے جبکہ 1 نیا کمرہ بھی بن رہا تھا جسکے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام غیر قانونی تعمیرات کو دوبارہ مسمار کردیا گیا۔  علاوہ ازیں جابہ تیلی میں سرکاری اراضی پر نیا گھر تعمیر کرنے کے لئے چار دیواری بنائی گئی تھی جسے مسمار کر کے سرکاری اراضی پر قبضہ کی کوشش ناکام بنا دی۔

مزیدخبریں