راولپنڈی( جنرل رپورٹر)پنجاب کے انسداد پولیو پروگرام سربراہ خضر افضال چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب گزشتہ دو برسوں سے پولیو سے پاک ہے ، ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے باوجود پولیو کے کیس منظرعام پر آئے لیکن ان کیسوں کا تعلق پنجاب سے نہیں ہے مگر پولیو سے متاثر ہونے کے خطرات پورے ملک پر منڈلا رہے ہیں،راولپنڈی کے دورے کے دوران محکمہ صحت کے افسران ، پولیو ٹیموں اور ورکروں سے گفتگو کرتے ہوئے خضر افضال چوہدری نے کہا کہ پنجاب زیادہ خطرات سے دوچار تین بڑے اضلاع راولپنڈی، فیصل آباد اور لاہورکو ترجیح دے رہا ہے، پنجاب کے تمام اضلاع کے داخلی راستوں پر حفاظتی قطرے پلانے کیلئے موبائل ٹیمیں تعینات کر دی گئیں، ہر ضلع کے محکمہ صحت کے حکام کو بچوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے کی ہدایات جبکہ ہاٹ سپاٹ علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات جاری کر دی گئیں، کچی آبادیوں میں بچوں کو قطرے پلانا ترجیح ہے پنجاب پولیو کے انسداد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے،والدین پولیو ٹیموں سے تعاون جاری رکھیں۔
پنجاب پولیو سے پاک، ملک پر خطرات منڈلا رہے ہیں،خضر افضال
Dec 15, 2022