جب بھی الیکشن آئے گا عمران کو شکست دیں گے: مسلم لیگ ن 


لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام کنونشن میں منظور کی گئی قراردادوں میں کہا گیا کہ جب بھی الیکشن آئے گا تو اس میں حصہ لے کر عمران خان کو شکست بھی دیں گے۔ عمران خان جس طرح پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کا ڈرامہ بیس دن سے رچا رہے ہیں ن لیگ کا واضح موقف ہے کہ ہم کسی بھی وقت الیکشن سے پیچھے ہٹنے والے نہیں۔ پنجاب اسمبلی کے سپیکر کے الیکشن پر بدترین دھاندلی ہوئی۔ لاہور ہائی کورٹ فی الفور اس پٹیشن پر  فیصلہ کرے۔ ہمیں آئین و قانون کے مطابق انصاف دیا جائے۔ مسلم لیگ ن  لاہور ماڈل ٹاؤن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ ہم پر کون سا الزام ہے جو لگایا نہیں گیا، آج قومی و بین الاقوامی عدالتوں کے فیصلوں میں ن لیگ کو سرخرو کیا۔ سوشل میڈیا پر ملک نہیں چل سکتا، کیا دو نہیں ایک پاکستان بنا، کیا کسی کو گھر یا نوکریاں ملیں؟ کیا نواز شریف کو دلوں سے نکالنے میں عمران خان کامیاب ہوا؟ لوگوں کو بتائیں ملک کو کیا چیلنجز درپیش ہیں۔ عمران خان کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے کتنے مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ڈبو چودھری تمہارے لئے اتنا کافی ہے آج تنظیمی کنونشن بلایا تو بیٹھنے کیلئے جگہ نہیں رہی، مینار پاکستان میں نواز شریف کے ہمراہ جائیں گے، پروجیکٹ عمران نیازی کو لانچ کرنے والوں سے آج ایک سوال پوچھنا ہے پچیس ارب تو تہتر سال میں لئے، عمران خان نے چار سال میں تیس ارب روپے قرضہ لے کر پچپن ارب تک پہنچایا لیکن کون سا عوامی منصوبہ لگایا، نام ریاست مدینہ کا اور کرتوت یہ ہیں۔  عمران خان پر خانہ کعبہ کی تصویر والی گھڑی چوری کا الزام کبھی دھلنے والا نہیں ہے۔ فیصل کھوکھر  نے کہا کہ مسلم لیگ کے شیر کو صرف نواز شریف کا انتظار ہے، جب نواز شریف نے واپسی کا اعلان کیا تو سمندر امڈ آئے گا۔ مہر اشتیاق، طارق گل نے کہا کہ شیر دھاڑ رہا ہے، نواز شریف آ رہا ہے، سب کو بھگا دے گا،  رانا مبشر اقبال، نعیم میر نے کہا کہ عمران خان نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔ عمران خان کا ایک ہی حل ہے ڈنڈا استعمال کیا جائے، ملک کو ڈیفالٹ کرنے کا خواب عمران خان کو قبر تک پہنچا دے گا۔ سمیع اللہ خان نے راحیلہ خادم حسین، شمائلہ رانا نے کنونشن میں قراردادیں پیش کیں۔

ای پیپر دی نیشن