ڈھاکہ (نوائے وقت رپورٹ) بنگلہ دیش میں پولیس نے ملک کی سب سے بڑی اسلامی جماعت، جماعت اسلامی کے سربراہ کو گرفتار کر لیا۔ ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق امیر جماعت اسلامی کو اس اعلان کے چند روز بعد گرفتار کیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ جماعت وزیر اعظم شیخ حسینہ کو معزول کرنے کے لیے ہونے والے مظاہروں میں مرکزی اپوزیشن کے ساتھ شامل ہو گی۔ پولیس ترجمان نے الزامات کی وضاحت کیے بغیر بتایا کہ امیر جماعت شفیق الرحمن کو محکمہ انسداد دہشت گردی کے افسران نے ڈھاکا میں گرفتار کیا۔ جماعت اسلامی بنگلہ دیش پر 2012ء سے الیکشن لڑنے پر پابندی عائد ہے۔ ملک کی تیسری سب سے بڑی سیاسی پارٹی جماعت اسلامی کے ترجمان نے 64 سالہ سربراہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اس کا مقصد اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک کو کچلنا قرار دیا۔