اسلام آباد(نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی سیر ت النبی صلی اللہ علیہ و الہ وسلم چئیر نے"سیرت طیبہ کی روشنی میں تعمیر شخصیت"کے موضوع پر گذشتہ روز سیمینارمنعقد کیا۔پروفیسر امیریٹس، ڈاکٹر محمود الحسن بٹ اس موقع پر کلیدی مقرر تھے۔اقبال چئیر کے صدرنشین، پروفیسر فتح محمد ملک نے صدارت کی جبکہ سیرت چئیر کے صدر نشین، پروفیسر صاحبزادہ ساجد الرحمن نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔ایکسی لینس سینٹر کے منتظم اعلی، محمد رفیق طاہر،کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محی االدین ہاشمی و دیگر فیکلٹی ممبران کے علاوہ طلبا و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھیں۔سیرت طیبہ کی روشنی میں تعمیر شخصیت کے موضوع پر خطبہ پیش کرتے ہوئے محمودالحسن بٹ نے کہا کہ میثا ق مدینہ دنیا کا پہلا تحریری دستور ہے جس سے امریکہ سمیت دیگر مغربی ممالک بھی استفادہ کرتے ہیں، بدقسمتی سے ہم نے اسے پس پشت رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں امت مسلمہ اس اہم دستاویز سے بڑی رہنمائی حاصل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میثا ق مدینہ اور اسلام کے بنیادی پانچ اراکین تعمیر شخصیت کے افضل ترین نسخہ جات ہیں،تعمیر شخصیت کے لئے امت مسلمہ کواِن نسخہ جات پر ایمان لانے اور عمل کرنے کی ضرورت ہے۔