بھارت سے زیادہ دہشت گردی کاکسی ملک نے فائدہ نہیں اٹھایا،اسکے اپنے گھر میں بھی آگ لگے گی :وزیر خارجہ

Dec 15, 2022


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ جوہر ٹاﺅن لاہور واقعہ میں بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں اور اس واقعہ کے ذمہ داران بھارت کی پناہ میں ہیں۔ جبکہ بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والی دہشت گردی میں "را " ملوث ہے۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس خطہ میں واقع ہے جہاں بہت سارے چیلنجز ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور پاکستان نے اس جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا ڈوزیئر پیش کر دیا ہے، اس ڈوزیئر میں واضح ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوہر ٹاﺅن لاہور واقعہ میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں، اس واقعہ کے ذمہ داران بھارت کی پناہ میں ہیں، ان ملزمان کی گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو پاکستان میں پکڑا گیا، اس نے پاکستان میں دہشت گردی کا اعتراف کیا، گذشتہ تین سال کے دوران بھارت کی خفیہ ایجنسی ”را“ کی مدد سے سکیورٹی فورسز کے 211 افراد کو نشانہ بنایا گیا، پی سی ہوٹل گوادر سمیت دہشت گردی کے مختلف واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا نشانہ بنا جبکہ بھارت نے دہشت گردی سے فائدہ اٹھایا، بھارت دہشت گردی سے متاثر ہونے کا پروپیگنڈا کرکے خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس بھارتی ہٹ دھرمی کا کھلا ثبوت ہے، بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں سب کے سامنے ہیں، بھارت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کا قتل اور ریپ کو ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالاکوٹ میں کچھ بھی نہیں تھا لیکن بھارت نے انتخابات سے قبل بالاکوٹ پر حملہ کیا، بھارت ایک روگ سٹیٹ ہے، یہ کچھ بھی کر سکتا ہے، بالاکوٹ میں اسے منہ کی کھانا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی پھیلانے والا بڑا ملک ہے، اس کا ایجنٹ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جس کے ثبوت موجود ہیں، وہ دہشت گردی سے متاثر ہونے والے ملک کا کارڈ کھیل رہا ہے حالانکہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، ہم نے ثبوتوں کے ساتھ بھارتی دہشت گردی کی معلومات فراہم کی ہیں، ان ثبوتوں سے بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دورہ امریکہ کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جی۔77 پلس چین گروپ کے اجلاس میں بھارتی دہشت گردی کا معاملہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10 سال میں بھارت نے پاکستان کو کیا پیغام دیا ہے، وہ یہ پیغام ہے کہ بھارت نے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات کئے، بالاکوٹ پر حملہ کیا، بھارت کے اقدامات سے پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کو سنگین خطرات ہیں، عالمی برادری کو اس کا ادراک کرنا چاہئے، بھارت کے اقدامات پر دنیا کی خاموشی نہ صرف خطہ بلکہ پوری دنیا کیلئے خطرناک ہے، یہ سنگین معاملہ ہے کیونکہ بھارت مذہبی انتہا پسندوں کے قبضہ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خطہ میں روابط کے فروغ، ترقی اور خوشحالی کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاک۔افغان سرحد پر پیش آنے والے حالیہ واقعہ جیسے واقعات دوبارہ پیش نہیں آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اولین ترجیح ہے، حکومتوں کی تبدیلی کے باوجود ملکی مفاد کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رہتا ہے، سابق حکومت کی اسلامو فوبیا کے حوالہ سے پالیسی پر عمل جاری ہے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت ہمسایوں کے گھر میں آگ لگائے گا تو یہ آگ اس کے گھر میں بھی پہنچے گی، ہر سطح پر معاملہ اٹھائیں گے۔ اقوام متحدہ کو ڈوزیئر دیا ہے۔ بھارت سے بہتر کسی ملک نے دہشتگردی سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ 
حنا ربانی 

مزیدخبریں