کراچی (نیوز رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کی 28بڑی سڑکوں پر جہاں جہاں گڑھے ہیں فوری پر کریں اور انہیں ہر صورت موٹر ایبل رکھا جائے، بڑی شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس کو درست کیا جائے، سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے ہر قسم کی تجاوزات کا فوری خاتمہ کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں، شہر کی بہتری کے لئے حکومت سندھ ہماری طرف دیکھتی ہے لہٰذا کے ایم سی افسران اپنی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال کریں، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں محکمہ انجینئرنگ اور انسداد تجاوزات کے افسران کے ساتھ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر سید شجاعت حسین، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز اظہر حسین شاہ، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ عمران احمد راجپوت، چیف انجینئر عبدالرزاق جونیجو، مختلف اضلاع کے سپرنٹنڈنگ انجینئر،ایکسیئن اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ انہیں کراچی میں کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے اور ہر علاقے سے متعلق معلومات ہیں، افسران مجھے اپنا دوست سمجھیں، ہم مل کر شہر کو بہتر بنائیں گے، انہو ں نے کہا کہ گزشتہ بارشوں کے نتیجے میں متا ثر ہونے والی سڑکوں کو مرمت کرکے ٹریفک قابل بنانا ہے جس کے لئے شہر کے تمام علاقوں کا مکمل سروے کیا جائے، متعلقہ افسران سول انجینئرنگ ورک میں بہتری لائیں اور خاص طور پر فٹ پاتھ بہتر بنائیں تاکہ پیدل چلنے والوں کو سہولت ملے، انہوں نے شعبہ الیکٹریکل اینڈ میکینکل انجینئرنگ کے افسران سے کہا کہ اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے، جہاں بھی اسٹریٹ لائٹس میں کوئی مسئلہ ہے اسے ترجیحی بنیادوں پر دور کیاجائے اور الیکٹریکل مینٹی ننس کے کاموں میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو درست حالت میں رکھا جائے، کراچی کے تمام اضلاع میں متعلقہ انجینئرز اسٹریٹ لائٹس کو روشن رکھنے کو یقینی بنائیں کیونکہ یہ شہر کی انتہائی اہم ضرورت ہے، انہو ں نے کہا کہ کراچی میں کام کرنے کا تجربہ چیلنج سے بھرپور ہے، افسران کو اس سے آگے بہت فائدہ ہو گا،خلوص دل کے ساتھ کام کریں، شہر کی خدمت میں آپ کو مزہ آئے، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے محکمہ اینٹی انکروچمنٹ کے افسران سے کہا کہ عبداللہ ہارون روڈ، ایمپریس مارکیٹ، ایم اے جناح روڈ، راشد منہاس روڈ سمیت شہر کی دیگر سڑکوں کی فٹ پاتھوں پر قائم ہر قسم کی تجاوزات فوری ختم کرکے پیدل چلنے والوں کو سہولت فراہم کریں، افسران میرے تھوڑے کہے کو کافی سمجھیں، بڑی سڑکیں جلد از جلد کلیئر کی جائیں، جہاں بھی کوئی رکاوٹ آئے مجھے اس سے آگاہ کریں تاکہ اسے دور کیا جاسکے،پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال اور فروخت پر پابندی کے حکم پر بھی عملدرآمد کیا جائے۔
افسران مجھے دوست سمجھیں مل کع شہر کو بہتر بنا ئیں گے
Dec 15, 2022