کراچی (نیوز رپورٹر)ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی طحہ سلیم کا بلدیہ وسطی کے ریٹائرڈ اور انتقال کرجانے والے ملازمین کے سالوں سے رکے ہوئے واجبات، کی ادائیگی کے لئے بڑا اقدام، دس (10 (کروڑ روپے سے زائد مالیت کے چیک ریٹائرڈ و انتقال کر جانے والے ملازمین کے ورثا میں تقسیم کئے گئے جس میں سات کروڑ سات لاکھ اکیاون ہزار سات سو تیرہ روپے فائنانشل اسسٹینس کے طور پر اداکئے گئے جبکہ367ملازمین کو لیو ان کیشمنٹ کی مد میں دوکروڑ اسی لاکھ باون ہزار روپے اداکئے گئے۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل کی تاریخ میں اتنی بڑی رقم کبھی بھی ملازمین کے واجبات کی ادائیگی پر تقسیم نہیں کی گئی جبکہ پچھلے ایک سال کے دوارن تقریبا 6 کروڑ روپے کے واجبات بھی ریٹائرڈ ملازمین کو ادا کئے جاچکے ہیں اس سلسلے میں بلدیہ وسطی کے مرکزی آفس واقع ناظم آباد نمبر 2میں منعقد کی گئی۔تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین (ہلالِ امتیاز، ستارہء امتیاز) نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وسطی کے عوام کی بلا تفریقِ رنگ و نسل خدمت کرنا اور حق دار کو بلا تاخیر حق دلوانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ گزشتہ دور میں بلدیہ وسطی کے ریٹائر ہوجانے اور انتقال کرجانے والے ملازمین اور ان کے ورث کو بر وقت واجبات ادا نہیں کئے جاسکے اور وہ پریشان حالی کا شکار ہوئے۔ لیکن اب بلدیہ وسطی کے ریٹائر ہونے والوں کو ریٹائرمنٹ کے وقت واجبات کی ادائیگی میں تاخیر نہیں ہوگی۔ ڈاکٹر عاصم نے مزید کہا کہ میں ضلع وسطی میں رہتا ہوں، میر ادِل ضلع وسطی کے عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے اس لئے نہ صرف میں عوام کی خدمت کرنا چاہتا ہوں بلکہ بلدیہ وسطی کے ملازمین کے حقوق بھی دلانے میں اپنا پورا کردار اداکرتا رہوں گا۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی طحہ سلیم نے استقبالیہ تقریر میں ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے بلدیہ وسطی کی OZTکی رقم میں آٹھ کروڑ روپے کے اضافے کے لئے کی جانے والی کوششوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھنے کی توقع ظاہر کی۔ انہوں نے مزید کہاکہ ڈاکٹر عاصم حسین کے تعاون سے بلدیہ وسطی کو ملنے والی ozt کی رقم میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوا جبکہ ڈاکٹر عاصم کی کوششوں سے ہی بلدیہ وسطی کے ملازمین کی تنخواہوں میں اعلان کردہ اضافہ جو کہ 45فیصد کے قریب ہے جاری کیا جاسکا۔ طحہ سلیم نے گزشتہ ایک سال کے دوران بلدیہ وسطی کی مزید کارکردگی کے حوالے سے تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر سے بہتر خدمات مہیاکرنے کے لئے بلدیہ وسطی کی آمدنی میں اضافہ کیاجارہا جس کے سلسلے میں گزشتہ دس سال بعد پہلی مرتبہ بلدیاتی ٹیکس کے ریٹ میں اضافہ کیا گیاہے۔ ملازمین کو ہیلتھ کارڈ جاری کئے جارہے ہیں، بلدیہ وسطی کے زیرِ انتظام چلنے والی گیارہ ڈسپنسریوں کی حالت بہتر کی گئی اور حکومتِ سندھ کی جانب سے مزید سات ڈاکٹرز مہیاکردئے گئے تاکہ عوام کو بہتر علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جاسکے۔ تعلیم کے میدان میں پبلک پرائیویٹ تعاون کے تحت 15اسکول نجی شعبے کے حوالے کردئے گئے ہیں۔ تیموریہ لائبریری میں آئی۔ٹی۔ کورسز مفت کرائے جارہے ہیں جبکہ CSSکے امتحان کی تیاری کے لئے مفت تعلیم دی جارہی ہے۔ جس کے تحت زیر تعلیم گزشتہ برس تک 24 طلبا و طالبات CSSکا امتحان پاس کرچکے تھے جبکہ اس سال مزید 7طلبا و طالبات کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔ ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کے ذریعے اب تک 20/ارب مالیت کی زمین قبضہ گروپ سے واگزار کی جاچکی ہے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے صدر مسرور احسن،میو نسپل کمشنر بلدیہ وسطی زاہد حیسن رند، ڈائریکٹر ایڈمن محمدعاصم عباسی، ڈائریکٹر ٹیکسیشن محترمہ فاطمہ صائمہ،سینئر اکاونٹ آفیسر ناصر خان و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر عاصم حسین اور ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم نے ملازمین کے واجبات کے چیک انہیں پیش کئے۔
بلاتفریق رنگ و نسل حقدار کو حق دلوانا اولین ترجیح ہے: ڈاکٹر عاصم
Dec 15, 2022