لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب برانچ)نے صوبے میں فلور ملز کو گندم کے روزانہ کوٹہ کی غیر مساویانہ تقسیم کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندم کے روزانہ کوٹہ کی غیر مساویانہ تقسیم کسی صور ت قابلِ قبول نہیں۔پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب برانچ) کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو نے کہا کہ محکمہ خوراک پنجاب فلور ملز صوبہ بھر میں گندم کے کوٹہ کی غیر مساویانہ تقسیم کر رہا ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ عدم استحکام کا شکار ہے، مزید یہ کہ محکمہ نے نجی گندم کی بین الاضلاعی اور بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندیان عائد کر دی ہیں حکومت پنجاب اور محکمہ خوراک کی جانب سے نجی گندم کی مصنوعات کی نقل و حمل پر عائد پابندی آئین کی روح کے منافی ہے،مملکت پاکستان کا آئین آزادانہ نقل و حمل اور کاروبار کی ضمانت دیتا ہے۔ فلور ملنگ انڈسٹری کو آزادانہ ماحول میں کاروبار کرنے کی اجازت ہونی چاہئے۔گندم کے کم کوٹہ والے اضلاع میں فلور ملز نجی گندم کی پسائی کرکے اپنے پسائی کے اخراجات پورا کرتی ہیں اور اپنا کاروبار چلاتی ہیں، غیر آئینی پابندیوں کی وجہ سے فلور ملز کا کاروبار بری طرح متاثر ہو گا۔
آٹے کی مارکیٹ غیر مستحکم ہو گی، اور ایک غیر یقینی کی صورت حال پیدا ہوگی جو کہ آٹے کی قلت کے بحران کا سبب ہوگی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے گندم کی نقل وحمل پر عائد غیر آئینی پابندیوں کے خاتمے کا اعلان کریں اور فلور ملز کو گندم کے مساویانہ کوٹہ کی تقسیم کو یقینی بنائیں۔