یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا تھا ٹرانسفارمرز خراب‘ فوری جنریٹرز‘ گیس ٹربائنز کی ضرورت‘ توانائی شعبہ کیلئے 8 سو ملین امداد چاہئے

Dec 15, 2022


کیف‘ ماسکو (آئی این پی+ اے پی پی) یوکرینی شہریوں کو منجمد موسم سرما سے بچنے میں مدد کیلئے یوکرائن کے اتحادیوں نے ایک ارب یورو دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اس حوالے سے فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ پیرس میں تقریباً 70ممالک اور اداروں نے یوکرائن کے لئے پانی، خوراک، توانائی، صحت اور نقل و حمل کو برقرار رکھنے میں مدد کا وعدہ کیا۔ یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے توانائی کے شعبے کیلئے آٹھ سو ملین یورو کی امداد مانگی تھی۔ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ یوکرائن کو توانائی کے شعبے میں ہنگامی طور پر 842ملین ڈالر کی ضرورت ہے۔ ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ ٹرانسفارمرز، خراب ہائی وولٹیج پاور لائنوں کی مرمت کے لیے آلات، فوری طور پر جنریٹرز اور گیس ٹربائنز کی بھی ضرورت ہے۔ روس نے کہا ہے کہ ہماری فوج کا رواں سال کے آخر تک یوکرائن سے انخلا کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ روسی حکومت کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے یوکرائن کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کے روسی فوج کے ملک سے سال نو تک انخلا کے مطالبے پر کہا امن مذاکرات کےلئے یوکرائن کو حقائق قبول کرنا ہوں گے جن میں روس کے نئے الحاق شدہ علاقوں سے دستبرداری شامل ہے۔امریکہ نے روسی حملوں کا مقابلہ کرنے کیلئے یوکرائن کو جدید ترین پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے جس کا اعلان کل متوقع ہے۔ یوکرائنی افواج کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کے استعمال کیلئے تکنیکی تربیت جرمنی میں مہیا کی جائے گی۔

یوکرائن 

مزیدخبریں