ملتان (وقائع نگار خصوصی) پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے)کے چیئرمین چوہدری وحید ارشد نے جنوبی پنجاب کی کاٹن بیلٹ میں امن و امان کی خراب صورتحال اور بجلی ٹرانسفارمر و تاروں کے چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔حال ہی میں ضلع راجن پور و مظفرگرھ میں ہونے والی وارداتوں میں ملوث و متحرک خطرناک گینگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ شدید بارشوں و سیلاب کی وجہ سے کاٹن کراپ تباہ ہو چکی ہے اور ضلع راجن پور میں کاٹن فیکٹریاں مکمّل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔جنرز تباہ حالی کے باوجود ٹیکسوں و بجلی کے بلوں کا بوجھ برداشت کر رہے ہیں اور اوپر سے چوری کی وارداتوں نے جننگ فیکٹری مالکان کی کمر توڑ دی ہے۔ایڈیشنل آئی جی پولیس جنوبی پنجاب کاٹن بیلٹ کے مختلف علاقوں میں موثر پولیس گشت کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کریں تاکہ جنرز سمیت تمام کاروباری و تجارتی طبقات میں پائی جانے والی بے چینی اور تشویش کو ختم کیا جا سکے۔جنرز کے جان و مال کا تحفظ انتظامیہ اور پولیس کی ذمہ داری ہے۔اس عمل کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔وارداتوں میں ملوث گینگ کو فوری طور پر گرفتار کر کے سزا دی جائے اور جنرز کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے.
چیئرمین پی سی جی اے
چیئرمین پی سی جی اے کا امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر اظہار تشویش
Dec 15, 2022