اسلام آباد (خبر نگار خصوصی)ممتاز شاعر ، نثر نگار اور دانشور جون ایلیا کی 91ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے ادارہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکشنز کے زیر اہتمام مشاعرہ اور ماہ نو ”جون ایلیا نمبر” کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد مہمان خصوصی تھیں جبکہ مشاعرہ کی صدارت افتخار عارف نے کی۔ انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ اردو کے اشتراک سے منعقدہ تقریب میں ممتاز علمی شخصیات اور شعرا ءنے جون ایلیا کی شاعری اور زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جون ایلیا شاعری میں اپنی منفرد پہچان رکھتے تھے، اردو ادب میں ان کی خدما ت ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے کہا کہ طویل عرصہ کے بعد خبروں سے ہٹ کر اس قسم کی تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے جس پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں، افتخار عارف نے کہا کہ جون ایلیا اردو کے ایک بڑے شاعر تھے، جون ایلیا پر بہت کم کام ہوا، وہ ایک اچھے نثر نگار بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ غالب اور اقبال ایک مشکل شاعر تھے اور ان کی پیروی کرنا بہت مشکل ہے، اسی طرح جون ایلیا کی شاعری کی پیروی کرنا بھی بہت مشکل ہے، مشاعرہ میں وحید احمد، عباس تابش، قمر رضا شہزاد، انجم سلیمی، رانا سعید دوشی، حارث خلیق، عباس نقوی، شکیل جاذب، اختر سلیمی، فیصل ہاشمی، علی زریون، صغیر انور، سعدیہ بشیر، عدنان بشیر، احمد عطائی، ڈاکٹر فخر عباس، حماد نیازی اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور شعبہ اردو کی سربراہ محترمہ ارم نے بھی شرکت کی اور حاضرین کو اپنے کلام سے محظوظ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکشنز کی ڈائریکٹر جنرل عمرانہ وزیر نے سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد کو ماہ نو کے خصوصی شمارے ”جون ایلیا نمبر “ کی کاپی بھی پیش کی۔
تقریب رونمائی
جون ایلیا کی سالگرہ پر مشاعرہ اور ماہ نوکے ”جون ایلیا نمبر” کی تقریب رونمائی
Dec 15, 2022