لاہور(سپورٹس رپورٹر)کراچی میں ہونے والے ٹیسٹ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ملتان سے کراچی پہنچ گئیں۔انگلینڈ اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت آفیشلز نے قومی ائیر لائن پی آئی اے سے سفر کیا جس کی پرواز پی کے 6331 نے دن ایک بج کر 5 منٹ پر کراچی ائیرپورٹ کے جناح ٹرمینل پر لینڈ کیا۔ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو خصوصی حفاظتی انتظامات کے تحت ہوٹل روانہ کیا گیا جبکہ اس موقع پر سندھ پولیس کے سپیشل سکیورٹی یونٹ اور کراچی پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ پرسوں سترہ دسمبر سے بروز ہفتہ سے کراچی میں شروع ہوگا، انگلش ٹیم کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 2 صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں تیسرے ٹیسٹ میچ کے موقع پر سکیورٹی ڈویژن اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ٹیموں اور تماشائیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ترجمان ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے پاکستان انگلینڈکے درمیان ٹیسٹ کرکٹ میچ کے حوالے سے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کے کانفرنس ہال میں سکیورٹی کوآرڈینیشن کاایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں میچز کے آغاز سے قبل سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹرمقصود احمد نے کی۔سینئر پولیس افسران، پاک فوج، سندھ رینجرز اور پی سی بی کے اعلی حکام سمیت تمام سٹیک ہولڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد کو سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سکیورٹی ڈویژن کے اہلکاربشمول ایس ایس یو کمانڈوز، ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس اور سپیشل برانچ کے اہلکار نیشنل سٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، سڑکوں، ہوٹلز، پریکٹس گرائونڈزاور دیگر مختلف مقامات پر سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ حساس مقامات پر ماہر نشانہ بازبھی تعینات کیے جائیں گے۔ڈی آئی جی سکیورٹی نے ٹیموں اور تماشائیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا عزم کیا اورہدایات کیں کہ میچ کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام تروسائل کو بروئے کار لائے جائیں۔
کراچی ٹیسٹ پاکستان انگلینڈ ٹیمیں پہنچ گئیں آج سے پریکٹس شروع
Dec 15, 2022