اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن کے آر اوز سے متعلق نوٹیفکیشن سے الیکشن ملتوی ہونے کا خدشہ ہے۔ آر اوز کے خلاف ہماری درخواست کی بنیاد پر الیکشن ملتوی نہیں ہونے چاہئیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ آج الیکشن کا شیڈول آنا تھا لیکن جاری نہیں ہوا، الیکشن کمشن شیڈول جاری کرے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ افسران کو آر او نہیں بنایا جاسکتا، اس سے دھاندلی ہو سکتی ہے، ججوں کو ریٹرننگ افسران بنایا جائے ، جس سے الیکشن شفاف ہوں۔ الیکشن کمشن کے مطابق 8 فروری کو انتخابات ہونے تھے، الیکشن کمشن نے پہلے بھی انتخابات ملتوی ہونے کا بہانہ بنایا، ہم سپریم کورٹ گئے اور 8 فروری کو الیکشن کا فیصلہ کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی ملک کی مقبول ترین پارٹی کے لیڈر ہیں۔ سویلین کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل نہیں ہو سکتا، کسی بھی سویلین کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں نہیں ہونا چاہیے۔