لاہور ( خصوصی نامہ نگار )نائب امیر جماعت اسلامی، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی انتخابی قومی امور لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں سیاسی انتخابی مشاورتی اجلاس اور لاہور میں جے آئی یوتھ کے 22 دسمبر سے ملک بھر میں انتخابی دفاتر کے افتتاح کی مہم کے بریفنگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور خارجہ محاذ پر مستحکم، بااعتماد پالیسی کیلئے غیرجانبدارانہ انتخابات ہی پائیدار ذریعہ ہیں۔ نام نہاد جمہوری قیادت اپنی پارٹیوں میں بھی جمہوریت، انتظامی ڈھانچہ، اپنے دستور کے مطابق عملدرآمد کی قائل نہیں اور اپنے ذاتی مفادات کیلئے انتخابات کے انعقاد کو کِھلواڑ بنارہی ہے۔ پی پی پی، مسلم لیگ، پی ٹی آئی انتخابات سے پہلے سٹیبلشمنٹ سے عہد و پیمان مکمل کرنا چاہتی ہیں۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پنجاب میں کھاد مافیا بے لگام ہو چکا ہے۔کھادوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے کاشتکار پریشان ہیں۔ کھادوں، زرعی ادویات اور مداخل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے۔کسان فاقوں پر مجبور ہو چکا ہے مگر اشرافیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔جماعت اسلامی بر سر اقتدار آکر کاشتکاروں کو درپیش مسائل ان کی دہلیز پر حل کرے گی۔