لاہور(سپورٹس رپورٹر)پرتھ ٹیسٹ کے پہلے دن آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف 5 وکٹ پر 346 رنز بنا لئے۔ مچل مارش 15 اور الیکس کیری 14 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں اور آج دوسرے دن بیٹنگ کا آغاز کریں گے۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کیخلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا ۔ ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں بیٹرز نے پہلی ہی وکٹ پر 126 رنز کی پارٹنر شپ بنا ئی ۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 29.4 اوورز میں 126 رنز پر گری جب شاہین آفریدی نے عثمان خواجہ کو 41 رنز پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔ فہیم اشرف نے دوسری وکٹ 37.1 اوورز میں 159 رنز پر حاصل کی، مارنس لابوشین 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ وارنر نے کیریئر کی 26 ویں سنچری سکور کی۔ تیسری وکٹ 56.3 اوورز میں 238 رنز پر گری جب خرم شہزاد نے سٹیو سمتھ کو 31 رنز پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ چوتھی وکٹ 72.1 اوورز میں 304 رنز پر گری جب عامر جمال نے ٹریوس ہیڈ کو 40 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔ پانچویں وکٹ 321 رنز پر حاصل پر گری جب عامر جمال نے ڈیوڈ وارنر کو 164 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔پہلے سیشن میں آسٹریلیا نے بنا کوئی وکٹ گنوائے 117 رنز بنائے تھے۔ چائے کے وقفے پر 2 وکٹ پر 210 رنز بنائے تھے۔عامر جمال نے دو ‘شاہین آفریدی ‘فہیم اشرف ‘خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ٹاس کے موقع پر قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کرتے۔ آسٹریلیا کیخلاف پہلے میچ میں ہماری ٹیم میں دو کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں۔اس سے قبل عامر جمال اور خرم شہزاد کو ٹیسٹ کیپ دی گئی، شاہین آفریدی اور حسن علی نے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دی۔