اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ڈی آئی خان واقعہ کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ ماضی میں اگر نیشنل ایکشن پروگرام پر عملدرآمد ہوتا تو اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوتے، ذوالفقار علی بھٹو کیس میں انصاف ہونا چاہیئے اور اس میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیئے۔ الیکشن کو ملتوی کرنے کی باتیں کرنیوالے عوام کی عدالت میں جانے سے کیوں ڈرتے ہیں؟۔ پیپلز پارٹی 8 فروری کو صاف و شفاف انتخابات چاہتی ہے۔ سابق ایم پی اے زمین خان، ملائکہ رضا، ملک عظمت خان اور نذیر ڈھوکی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ڈی آئی خان میں دہشتگردی کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی پہلے بھی اس واقعہ کی مذمت کر چکی ہے، اگر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرامد ہوتا تو آج ایسے واقعات نہ ہوتے، ان دہشتگردوں کو ملک میں دوبارہ کس نے آباد کیا اور ان کو کون لایا؟ دہشتگردوں کو کس کے کہنے پر کھلے عام چھوڑ دیا گیا، ہم سمجھتے ہیں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف ملنا چاہئے، شہید ذوالفقار علی کو شہید کرنے میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہئے۔