لاہور( خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امن کے قیام کے لیے عوامی اعتمادکی حامل مستحکم حکومت کی ضرورت ہے۔الیکشن کے بروقت انعقاد سے انتشار اور دہشت گردی پھیلانے والے عناصر ناکام ہوں گے۔بٹگرام میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کرپشن اور بیڈ گورننس کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ ہوئی اس موقع پر سابق امیدوارایم این اے سعید احمد خان اور ملکال قبیلے کے سربراہ محمد عالم نے ہزاروں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ امیر جماعت نے ڈیرہ اسماعیل خان میں شہید ہونے والے جوانوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کرائی۔سراج الحق نے کہا کہ سالہاسال سے ملک لوٹا جارہا ہے، ایک ہی ٹولہ نسل درنسل عوام کا خون چوس رہا ہے،انصاف اور احتساب مذاق بن کر رہ گیا، مہنگائی اور بدامنی کے عفریت سے ہرشہری پریشان حال ہے، قوم سے دھوکہ کرنے والوں کو موجودہ الیکشن میں حساب دینا ہوگا۔ ایسٹ انڈیا کمپنی کے تسلسل کو توڑے بغیر بہتری ممکن نہیں، ووٹ کی طاقت سے اسلامی انقلاب لائیں گے، جماعت اسلامی عام آدمی، پڑھے لکھے نوجوان کو اسمبلیوں میں لے جانا چاہتی ہے،ملک خاندانوں اور مافیاز کی بجائے جمہور کی حکمرانی سے آگے بڑھے گا۔ امن، ترقی و خوشحالی نظریہ پاکستان کی پیروی سے ممکن ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی کی سیاست دو خاندانوں کے گرد گھومتی ہے، پی ٹی آئی پونے چار سال میں کوئی بہتری نہیں لاسکی، قوم نے پی ڈی ایم کی صورت میں 13 پارٹیوں کے اتحاد کی حکومت بھی دیکھ لی، اب اس کے پاس جماعت اسلامی کی صورت میں واحد آپشن موجود ہے، جماعت اسلامی فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔
الیکشن ہوگئے تو دہشتگردی، انتشار پھیلانے والے ناکام ہوں گے: سراج الحق
Dec 15, 2023