پشاوریونیورسٹی اور عبدالولی خان یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کی مدت ملازمت ختم ہونے پر ملازمین نے ڈھول کی تھاپ پر ہلہ گلہ کیا اور وائس چانسلر کی ریٹائرمنٹ کی خوشی میں گدھا لے کر آگئے۔پشاور اور عبدالولی خان یونیورسٹی کے وائس چانسلرکی الوداعی تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔پشاور یونیورسٹی کے ملازمین وائس چانسلر کی ریٹائرمنٹ کی خوشی میں گدھا لے کر آگئے، گدھے پر بیٹھ کر وائس چانسلر کے خلاف نعرہ بازی کی، ڈھول کی تھاپ پر ملازمین نے وائس چانسلر کی ریٹائرمنٹ پرہلہ گلہ کیا۔اس کے علاوہ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے ملازمین نے وائس چانسلر کا پیچھا کیا جس پر وائس چانسلر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔سابقہ وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی ڈاکٹر ظہور الحق نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یونیورسٹی کے ساتھ ملازمین کی تربیت پر بھی کام کرنا چاہیے تھا، آخری دن پر ہجوم نے میرا پیچھا کیا، اللہ نے بچایا۔ڈاکٹر ظہور الحق نے کہا کہ میں نے یونیورسٹی کی سالانہ انکم 74 کروڑ سے بڑھا کر 170 کروڑ روپے کی، موجودہ پرو وائس چانسلر کو انکوائری کرکے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔دوسری جانب جامعہ پشاور کی انتظامیہ نے کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے ملازمین احتجاج پر تھے اور ملازمین تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
پشاور یونیورسٹی کے ملازمین وی سی کی ریٹائرمنٹ کی خوشی میں گدھا لیکر آگئے
Dec 15, 2023 | 11:13