اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کرسمس تہوار منانے کی ایک تقریب منعقد ہوئی۔ سابق وزیرمملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز مہیش کمار ملانی مہمان خصوصی تھے۔ آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد،پاسٹر سیمسن سہیل، پاسٹر بابر وارث، چیمبر کی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے کنوینر چوہدری اشرف فرزند ، زریش بابر،تہمینہ طارق، شارون عارف، جمیل کھوکھر، شہزاد صفدر، مقبول کھوکھر، سائمن شہزاد، عمانول سراج، تنویر بھٹی، جنید اشرف، اظہر انور، آصف پرویز سیلو اور مائیکل گِل سمیت مسیحی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ آذ ربایئجان کے سفیر خضر فرہادوف، شام کے سفیر ڈاکٹر رمیز الراعی، نیپال کے سفیر تاپس ادھیکاری ، رومانیہ کے سفیر ایڈورڈ روبرٹ پریڈا، سری لنکا اور مصر کے قونصلرز سمیت دیگر بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مہیش کمار ملانی نے کہا کہ کرسچن کمیونٹی سمیت اقلیتوں کو پاکستان میں بہتر تحفظ اور حقوق حاصل ہیں اور پاکستان میں رنگ نسل اور مذہب کی بنیاد پر کوئی فرق نہیں کیا جاتا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی ترقی میں مسیحی کمیونٹی کا اہم کردار ہے جو قابل ستائش ہے۔