لیسکو انجیئنرز ایسوسی ایشن اور واپڈا ہایئڈرو الیکٹرک سنٹرل یونین کے رہنماوں نے کل سے لیسکو کے دفاتر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ حکومت مطالبات کے حوالے سے صرف زبانی وعدے کر رہی ہے جبکہ عملی طور پر کچھ بھی نہیں کیا جارہا ۔اس حوالے سے چند روز پہلے بھی اسلام آباد میں مذاکرات ہوئے لیکن انکا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا اور نہ ہی پیپکو کی تحلیل کا فیصلہ واپس لیا گیا جبکہ دوسری جانب نجی شعبے سے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں چیف ایگزیکٹوز کی تقرریوں کا فیصلہ بھی تاحال برقرار ہے۔ اس صورتحال میں ملازمین بدستور بے چینی کا شکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کل لاہور میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔