اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور رومانیہ نے دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔ اس معاہدہ پر یہاں وزارت دفاع میں وزیر دفاع سید نوید قمر اور رومانیہ کے سفیر ایمیلیان آئن نے دستخط کئے۔ سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاکستان اور رومانیہ کے درمیان روایتی طور پر مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں جو باہمی احترام اور مختلف علاقائی و عالمی معاملات پر یکساں موقف پر مبنی ہیں۔ توقع ہے کہ اس معاہدے سے تربیت‘ دفاعی آلات کی درآمد و برآمد اور اعلیٰ سطح کے دوروں سمیت دفاعی تعاون میں اضافہ ہوگا۔