اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + این این آئی + اے پی اے) پاکستان نے پاک چین گوادر معاہدے پر بھارتی حکام کے تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے پاک چین گوادر معاہدہ باہمی ہے کسی دوسرے ملک کو تشویش نہیں ہونی چاہیے کشمیر پر خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی مسئلہ کشمیر کا کشمیریوں کی خواہش اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں افضل گورو کو پھانسی دینے پر افسوس ہے پاکستان انہیں شہید مانتا ہے پاکستان اور افغانستان علما کے درمیان کانفرنس 10مارچ کو ہوگی۔ ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ معظم علی خان نے کہا پاکستان نے اب تک 28 طالبان قیدیوں کو رہا کردیا ہے پاکستان اور افغانستان نے کانفرنس کے انعقاد پر اصولی اتفاق کرلیا ہے۔ کانفرنس کا مقصد افغانستان میں مصالحتی اور امن کے سلسلے کو آگے بڑھانا ہے۔ ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا پاکستان طالبان امریکہ مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا مولانا فضل الرحمان کے دورہ قطر کا دفتر خارجہ سے کوئی تعلق نہیں اور وہ خود طالبان سے ملنے دوحہ گئے تھے۔ دفتر خارجہ نے شمالی کوریا کے ایٹمی دھماکے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا شمالی کوریا کو عالمی ذمہ داریوں کا خیال کرنا چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت تمام کشمیریوں کو رہا کرتے ہوئے کشمیر میں جبر کے ہتھکنڈے بند کرے۔ انہوں نے کہا ان کے نزدیک افضل گورو کی موت شہادت ہے۔ ترجمان نے بتایا فلسطین کے صدر محمود عباس 16 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے ، انہوں نے کہا ایبٹ آباد رپورٹ منظر عام پر آنے کا انتظار ہے۔ اے پی اے کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نے بتایا مقبوضہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے۔ افضل گورو کی پھانسی پر تحفظات ہیں۔ عدالتی عمل کو جس انداز سے چلایا گیا وہ مناسب نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گوادر بندرگاہ چین کے حوالے کرنے کے طریقہ کار پر غور کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کابل میں علما کانفرنس کے آئیڈیا کی پاکستان حمایت کرتا ہے مگر اس کے ایجنڈا اور ممکنہ نتائج پر ابھی کوئی بات نہیں کرنا چاہتے افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلا اور افغان مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں، ترجمان نے کہا پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکراتی عمل جاری رکھنا چاہتا ہے۔ افضل گوروکی پھانسی پر تحفظات ہیں، اس کا اظہار بھی کیا ہے۔ طاہر القادری کی دوہری شہریت سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا ان کے خیال میں دو پاسپورٹ ہونے میں کوئی مضائقہ نہیں۔ پاکستان کشمیری حریت رہنما افضل گورو کو شہید تصور کرتا ہے اور بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھارتی جیلوں میں پابند سلاسل آزادی پسند کشمیریوں کو فوری طور پر رہا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔