اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے نگران حکومت کے قیام اور آئندہ عام انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کیلئے اپوزیشن لیڈر چودھری نثار سے رابطہ کر لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے چودھری نثار کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ نگران حکومت کے قیام اور عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے پر مشاورت کی جائے۔ خط میں کہا گیا کہ حکومت صاف شفاف انتخابات کرانا چاہتی ہے، عام انتخابات کروانا ایک تاریخی موقع ہے، آئین اور قانون کے مطابق تمام امور طے کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیر قانون فاروق نائیک سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف انتخابات منعقد کرانے کے لئے پرعزم ہے۔ دریں اثناءوزیراعظم کی صدارت میں یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ کا اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر قومی ورثہ ثمینہ خالد گھرکی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر قانون سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت‘ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے بغیر نشوونما نہیں پا سکتی۔ وفاقی وزیر قانون نے وزیراعظم کو نگران وزیراعظم کے تقرر اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے فنڈز کے اجراءکو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آصف سندھیلہ نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔
نگران حکومت، عام انتخابات کی تاریخ کیلئے مشاورت کی جائے: وزیراعظم کا نثار کو خط
Feb 15, 2013