جنگی جنون : بھارت کا فرانس سے 126 جدید لڑاکا طیارے خریدنے کا معاہدہ

Feb 15, 2013

نئی دہلی (این این آئی + اے پی اے) جنگی جنون میں مبتلا بھارت کا ہتھیاروں سے عشق کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا ہے، فرانس اور بھارت کے درمیان اربوں ڈالر کا دفاعی معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت فرانس بھارت کو 126 جیٹ لڑاکا طیارے فروخت کرے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعرات کو فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کو آگے بڑھاتے ہوئے دنیا کے بڑے دفاعی سودوں میں سے ایک سودا کیا، اس سے قبل استقبالیہ تقریب میں شرکت کرکے توپوں کی سلامی لینے کے بعد صدر فرانس نے اپنے بھارتی ہم منصب کے سامنے کہاکہ بھارت کا دورہ میرے اور میرے ملک کے لئے ایک اعزاز ہے مجھے یقین ہے کہ یہ دورہ اس بہترین سطح تک ہوگا جس کی اہم امید کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر کرنےکی کوششیں جاری رہیں گی۔ بھارت دنیا میں سب سے بڑی جمہوریت ہے اور فرانس کو اس کی ترقی میں شامل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے تعلقات تمام شعبوں میں تیزی سے بڑھ رہے ہیں، صدر کے وفد میں 60 کمپنیوں کے سربراہان بہت سے سرمایہ کار اور کاروباری ماہرین بھی شامل ہیں جن میں فرانس کی طیارہ ساز کمپنی ڈیسالٹ کے چیف ایگزیکٹو، ایرک ٹریپیئر بھی ہیں۔ بھارت کے دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت نے اپنی کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت امریکہ اور یورپ سے اچھے تعلقات استوار کر رکھے ہیں اور روس کے ساتھ بھی اس کے قدیم دوستانہ تعلقات برقرار ہیں۔ صدر فرانسو اولاند کے اس دورے کے موقع پر بھارتی ساحلی ریاست مہاراشٹر میں 9900 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے ایک نیوکلیئر پاور پلانٹ کے قیام کے منصوبے پر بھی بات چیت ہو گی۔ فرانسیسی کمپنی AREVA کے ساتھ 9.3 بلین ڈالر مالیت کے اس فریم ورک معاہدے پر دستخط سابق فرانسیسی صدر سرکوزی نے 2010ءمیں بھارتی دورے کے موقع پر کئے۔ قبل ازیں فرانسیسی صدر کا دہلی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ان کے ہمراہ 5 وزراء بھی ہیں۔

مزیدخبریں