بارہمولہ (کے پی آئی ) بھارتی پارلےمان پر حملے کی سازش کے الزام مےں پھانسی کی سزا پانے والے کشمےری نوجوان محمد افضل گورو کی اہلےہ تبسم گورو کا خط بھارتی حکومت کو بھےج دےا گیا۔ گورو کے جسد خاکی کو واپس دینے کے بارے میں تبسم نے ریاستی حکومت کو خط بھےجا تھا ۔اس درخواست کو بھارتی وزارت داخلہ کو روانہ کر دیا گیا۔ جبکہ بھارتی وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے افضل گورو کی پھانسی کی اطلاع اہلخانہ کو نہ دینے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ بارہمولہ نے کہا ہے کہ 12فروری کو تبسم گورو نے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی تھی کہ ان کے شوہر کی میت واپس دی جائے تاکہ ان کی مذہبی رسومات کے ساتھ تدفین کو ممکن بنایا جاسکے۔ انتظامیہ کے ایک افسر نے صحافےوں کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر بارہمولہ نے تبسم گورو کی درخواست ڈویژنل کمشنر آفس کو بھیج دی اور ڈویژنل کمشنر نے مذکورہ درخواست کو ریاستی محکمہ داخلہ کو بھیج دیا۔ علاوہ ازیں منموہن سنگھ نے وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورو کے افراد خانہ کو مطلع کرنے میں دیر کیوں لگا دی گئی ۔ گورنروں کی کانفرنس کے حاشیئے پر وزیراعظم نے شنڈے سے کہا گورو کے افراد خانہ کو وقت مقررہ پر مطلع کیا جانا چاہئے تھا اور ایسا کیوں نہیں کیا گیا ۔بھارتی اخبار کے مطابق وزیراعظم نے وزیر داخلہ سے کہا کہ ٹھیک ہے دہشت گردی کیخلاف سخت موقف اختیار کیا جانا چاہئے لیکن گورو کے افراد خانہ کو مطلع کرنے میں تاخیر حکومت کی پالیسی نہیں ہے اور اس کا خیال رکھا جانا چاہئے تھا۔