کیپ ٹاؤن میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز دو سو تریپن رنزپانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم تین سو اڑتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سینچری میکر اسد شفیق اپنے انفرادی سکور ایک سوگیارہ میں مزید کسی رن کااضافہ نہ کر سکے۔ فلینڈر کی گیند پرکپتان گریم سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سرفرازاحمد بھی صرف تیرہ رنز بنا کر فلینڈر کاشکار بنے۔ عمر گل تو اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے، انکی وکٹ بھی فلینڈر نے اپنے نام کی۔ اس کے بعد تنویراحمد اور سعید اجمل نے نویں وکٹ کی شراکت میں چونسٹھ رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنائی۔ تنویراحمد چوالیس رنز بنا کر پیٹرسن کی گیند پر فلینڈر کےہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمدعرفان نے چھ رنز بنائے، انہیں پیٹرسن نے کلین بولڈ کیا۔ سعید اجمل اکیس رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔ ورنن فلینڈر پانچ وکٹیں حاصل کیں، مورنے مورکل اور رابن پیٹرسن نے دو،دو کھلاڑی آؤٹ کئے۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا، تاہم چھتیس کے سکور پر کپتان گریم سمتھ انیس رنز بنا کر واپس چلتے بنے، ایلویروپیٹرسن بھی صرف سترہ رنز بناسکے۔ عالمی رینکنگ پرسرفہرست ہاشم آملہ پچیس اور جیک کیلس صرف دو رن بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے، فیف ڈو پلیسز نے اٹھائیس رنز کی اننگز کھیلی، یہ پانچوں وکٹیں سعید اجمل نے اپنے نام لکھوائیں۔ کھیل کے اختتام پر اے بی ڈیویلئیرز چوبیس جبکہ ڈین ایلگر گیارہ رنز کیساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کےدوسرے روز جنوبی افریقہ نےپانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سوانتالیس رنزبنالئے، سعید اجمل نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئےٹاپ فائیو پروٹیز بلےبازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
Feb 15, 2013 | 23:10